واشنگٹن (جیوڈیسک) ملاقاتوں میں سینٹر رابرٹ مینڈیز، چیئرمین رابرٹ کارکر اور دیگر ارکان نے جنرل راحیل شریف کو خوش آمدید کہا۔ کمیٹی نے پاکستان کے کامیاب ملٹری آپریشز کو تسلیم کرتے ہوئے شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی جانب سے جاری آپریشنز میں دہشت گردوں کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سٹرکچر تباہ ہونے کا اعتراف کیا۔ کمیٹی کے اراکین کا کہنا تھا۔
کہ آپریشن کے دوران پاکستان آرمی نے جو اہداف حاصل کئے ہیں وہ قابل تعریف ہیں۔ ارکان کا کہنا تھا کہ آپریشن کے نتیجے میں دہشتگردوں کے نیٹ ورک کو کافی حد تک نقصان پہنچا ہے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کمیٹی کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاک آرمی پر اعتماد ہے۔
کہ فاٹا آپریشن کے نتیجے میں وہ مطلوبہ اہداف حاصل کریں گے اور دہشتگردوں کو پاکستان کی سرزمین پر پناہ گاہیں نہیں بنانے دی جائیں گی۔ جنرل راحیل شریف نے وزیرستان کے آئی ڈی پیز کی جلد بحالی کے حوالے سے بھی شرکاء کو آگاہ کیا۔
ملاقاتوں میں خطے کی سکیورٹی کی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ سینیٹرز نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان مضبوط اور طویل مدتی شراکت داری قائم رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔