مظفر آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کشمیر کے مسئلے پر کوئی سمجھوتا کرنے پر تیارنہیں۔ کشمیر میں ثابت ہوگیا کہ طاقت کے زور پر مسئلہ حل نہیں کیا جاسکتا۔ بے گناہ کشمیری عوام پر کیے جانے والے مظالم نظر انداز نہیں کرسکتے۔
وزیراعظم نوازشریف آزاد جموں کشمیر کونسل سے خطاب کر رہے تھے۔ خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ دل سےچاہتے ہيں کہ کشمیری بھائی اپنی منزل جلد سے جلد حاصل کریں۔ اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل نہیں کیا جارہا۔ کشمیریوں کو ان کے حق خودارادیت سے محروم رکھا جارہا ہے۔
جموں وکشمیر پر پاکستان اپنے اصولی موقف پر قائم ہے۔ پاکستانی اور کشمیری عوام یک جان دو قالب کی مانند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کی ۔پاکستان اور کشمیریوں کی منزل ، ثقافت اور شناخت ایک ہے۔ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس سےخطاب میں کشمیر کا مسئلہ اٹھایا۔ پاکستان اور کشمیریوں میں دائمی رشتہ ہے۔