پاکستان کے تمام مسائل کا حل خلافت راشدہ کے نظام میں ہے۔ سراج الحق

Lahore

Lahore

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ 21 نومبر کو لاکھوں عاشقان مصطفی ﷺ مینار پاکستان پر جمع ہو کر ملک میں لا الہ الا اللہ کے نظام کے نفاذ کا عہد کریں گے ۔” سٹیٹس کو “اب اپنا بوریا بستر لپیٹ لے، اب عوام” سٹیٹس کو “کو ایک لمحے کیلئے برداشت کرنے کو تیار نہیں ہیں۔

استعمار کے غلاموں کا دور گزر چکا، مستقبل اسلام کا ہے، پاکستان کے تمام مسائل کا حل خلافت راشدہ کے نظام میں ہے۔ کراچی اور سندھ سے تحریک تکمیل پاکستان میں شرکت کیلئے قافلے لاہور کی طر ف چل پڑے ہیں ،ہم ان شاءاللہ قوم کو ایسی اسلامی و فلاحی مملکت دیں گے جس میں تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہونگے ،امیر اور غریب کیلئے ایک قانون ہوگااور کوئی کسی کا استحصال نہیں کرسکے گا۔موجودہ مسائل چہرے بدل بدل کر اقتدار میں آنے والوںکے پیدا کردہ ہیں ،67سال تک پاکستان کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا گیا ہے ،کرپشن اقربا پروری اور میرٹ کے قتل عام نے قومی اداروں کو تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے ،حکمران طبقہ تمام وسائل خود ہضم کرتا ہے اور مسائل عوام کے کھاتے میں ڈال دیئے جاتے ہیں ،عوام ٹیکس دیتے ،مہنگائی اور غربت کے دکھ جھیلتے ،بجلی اور گیس کے بل ادا کرتے ہیں اور حکمران ان غریبوں کی خون پسینے کی کمائی سے عیش و عشرت کی زندگی گزارتے ہیں ،ہم پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک فلاحی ریاست بنا کر دم لیں گے ،ہماری زندگی کی آخری سانس اور خون کا آخری قطرہ ملک میں نفاذ اسلام کیلئے ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک کے مختلف حصوں سے اجتماع عام میں شرکت کے لیے آنے والے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ´۔
سراج الحق نے کہا کہ اسلام کے نام پر حاصل کئے گئے ملک میں67سال سے ایک دن کیلئے بھی اسلام کا نفاذ نہیں ہوسکا ، پاکستان اور عالم اسلام کو سب سے زیادہ نقصان منافقین اور استعمار کے آلہ کار حکمرانوں نے پہنچایا ،مغرب کی سرپرستی میں اسلامی ممالک کے اندر سودی اور اللہ سے بغاوت کا نظام جاری ہے مگر کسی کے ماتھے پر شکن تک نہیں ،انہوں نے کہا کہ مغرب کے پروردہ چندخاندانوںنے18کروڑ عوام کو قیدی بنا رکھا ہے ،عوام غربت کی چکی میں پس رہے ہیں اور آئی ایم ایف کے کمیشن خور عیش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب تک پاکستان مٹھی بھر کرپٹ اشرافیہ کے نرغے میں ہے یہاں سے غربت ،مہنگائی ،بے روز گاری ،جہالت اور بیماریوں کا خاتمہ نہیں ہوسکتا ،حکمرانوں نے عوام کو بھیڑ بکریا ں اور خود کو شہنشاہ سمجھ رکھا ہے ، لوگ بھوک سے مر رہے ہیں ،بجلی اور گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے مگر کوئی عوام کے مسائل کی طرف توجہ دینے پر آمادہ نہیں ،انہوں نے کہا کہ ہمارا اجتماع عام اس ظلم اور طبقاتی نظام کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام اب اشرافیہ کے یرغمالی حربوں کو اچھی طرح سمجھ چکے ہیں ،عوام ان وڈیروں ،جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے ظلم کو مزید برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں ۔پاکستان اسلام کے نام پر بنا تھا اور اسلام ہی اس ملک کی ترقی و خوشحالی کی ضمانت دے سکتا ہے۔