ضرب عضب میں کسی قسم کا امتیاز نہیں برتا جا رہا: سرتاج عزیز

Sartaj Aziz

Sartaj Aziz

اسلام آباد (جیوڈیسک) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے افغان قومی سلامتی کے مشیر کو ٹیلی فون کیا اور بی بی سی کو دئیے گئے اپنے حالیہ انٹرویو سے متعلق وضاحت دی۔ ذرائع کے مطابق سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشتگردوں کیخلاف بلاتفریق کارروائی کر رہا ہے۔

ضرب عضب میں کسی کے ساتھ امتیاز نہیں برتا جا رہا۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے میری بات کو غلط انداز میں پیش کیا۔ انہوں نے تاریخی تناظر میں بات کی تھی. انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ مل کر مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کا عزم رکھتے ہیں۔

نواز شریف اور اشرف غنی کے مابین ملاقات میں طے پایا تھا کہ دونوں ممالک اپنی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے اور دونوں ممالک مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کریں گے۔

واضع رہے کہ بی بی سی کے مطابق ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں سرتاج عزیز کی جانب سے کہا گیا تھا کہ جب امریکہ نے افغانستان پر حملہ کیا تو وہ تمام لوگ جن کو ہم نے مل کر مسلح کیا تھا اور تربیت دی تھی، انھیں ہماری طرف دھکیل دیا گیا۔ ان میں سے کچھ ہمارے لیے خطرہ ہیں اور کچھ نہیں ہیں۔ تو ہم سب کو کیوں دشمن بنائیں؟۔