شہر اور مضافاتی علاقوں میں غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کا دھندہ عروج پر

Housing Scheme

Housing Scheme

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) شہر اور مضافاتی علاقوں میں غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کا دھندہ عروج پر، انتظامیہ چشم پوشی سے کام لینے لگی۔ صورتحال منظر عام پر آنے کے بعد چند ایک پارٹیوںکو جرمانے کرکے کام چلالیا جاتا ہے۔

جبکہ غیر قانونی ہائوسنگ میں تعمیرات کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ شہر اور گردونواح میں بالخصوص جی ٹی روڈ کے دونوں گکھڑ تک اور مولانا ظفر علی خاں چوک سے اندرون شہر عرصہ سے ہائوسنگ کالونیوں کا کام جاری ہے۔ بااثر افراد سستے داموں لی گئی زمینوں کو بغیر قانونی تقاضے پورے کئے زرعی زمینوں کو پلاٹوں کی شکل دیکر گھروں اور کمرشل تعمیرات کے نام پر کروڑوں روپے کمارہے ہیں۔

ان ہائوسنگ سکیموں میں قانونی تقاضے پورے کئے بغیر ناصرف کروڑوں روپے ٹیکس بچایا جاتا ہے بلکہ سہولتوں کی عدم موجودگی میں شہریوں سے بھاری رقوم ہتھیا لی جاتی ہے۔ اخبارات میں غیر قانونی دھندہ کی نشاندہی کے بعد انتظامیہ اتنا حرکت میں آتی ہے کہ چند ہزار روپے جرمانوں اور ہائوسنگ کالونیوں کے دفاتر کو چند منٹوں کیلئے سیل کرنے کی سزا دی جاتی ہے جبکہ متعلقہ اداروں کے اہلکار ہائوسنگ سکیموں کے مالکان سے اپنا حصہ لیکر چلے بنتے ہیں۔

اس طرح ایک عرصہ سے شہر اور گردونواح میں غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کا دھندہ عروج پر پہنچ چکا ہے۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور دیگر حکام بالا سے غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے مالکان اور غفلت کے مرتکب افسران ، انتظامیہ کیخلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ تمام ہائوسنگ سکیموں کو قانونی دائرہ کار میں لایا جائے بصورت دیگر انہیں کام سے روکا جائے۔