لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں مینار پاکستان کے سائے تلے جماعت اسلامی پاکستان کا” خوشحال پاکستان اسلامی پاکستان “کے عنوان سے کل پاکستان اجتماع عام جاری ہے۔ دوسرے روز کا آغاز امیر جماعت اسلامی ہند کے امیر مولانا جلال الدین عمری کی جانب سے درس حدیث سے ہوا۔
ناشتے کے بعد حافظ ادریس کی جانب سے اسوہ حسنہ کے موضوع پر درس قرآن دیا گیا جس کے بعد سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے تاریخ جماعت اسلامی اور جماعت اسلامی کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔
آج کے دن دوسرے سیشن سے سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن کی زیر صدارت جماعت اسلامی کے قائدین خطاب کریں گے جبکہ ہفتے کے دن کا سب سے اہم سیشن جماعت اسلامی خواتین کے زیر اہتمام کل پاکستان خواتین کنونشن ہے۔
جو دوپہر دو بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہے گا جس میں خواتین ونگ کی مرکزی رہنما خطاب کریں گی۔ خواتین کنونشن کے اختتام پر امیر جماعت اسلامی سراج الحق خواتین کنونشن سے خصوصی خطاب کریں گے۔