کشمیر کو پاکستان کی نہیں ترقیاتی کاموں کی ضرورت ہے، نریندر مودی

Narendra Modi

Narendra Modi

سری نگر (جیوڈیسک) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ کشمیر کو پاکستان کی نہیں ترقیاتی کام کی ضرورت ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کشمیر کو ترقیاتی کاموں کی سخت ضرورت ہے، یہاں کرپشن ختم کر دوں گا۔ اسمبلی انتخابات سے پہلے انتخابی مہم میں حصہ لینے کے لئے بھارتی وزیر اعظم مقبوضہ جموں کشمیر کے ضلع کشتوار پہنچے۔

خطاب کے دوران انہوں نے سیلاب سے متاثرہ کشمیریوں کو دلاسہ دیا کہ وہ یہاں ان کے آنسو پونچھنے آئے ہیں۔ نریندر مودی کا کہنا تھا کہ کشمیر میں عرصے سے دو خاندان ہی حکومت کرتے آئے ہیں وہ اس کرپشن کا خاتمہ کر دیں گے ،کشمیری نوجوانوں کو روزگار اور ترقی کے بہتر مواقع کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذہب کو سیاست جوڑنے کی ضرورت نہیں، کشمیری صرف کشمیری ہے۔ خطاب کے دوران نریندر مودی نے گجرات میں کئے گئے ترقیاتی کاموں کی مثالیں بھی پیش کیں، کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے لئے پولنگ 25 نومبر سے شروع ہو کے 20 دسمبر تک جاری رہے گی، نتائج کا اعلان 23 دسمبر کو کیا جائے گا۔