کراچی : ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی ماجد رضا غوری نے ضلع کورنگی کو تجاوزات سے پاک بنانے اور اس حوالے سے عوامی شکایات کے مکمل خاتمے کے لئے ضلع کورنگی کے تمام علاقوں میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی ترقی اور خوبصورتی کی راہ میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔
عوامی تعاون کے ذریعے ضلع کورنگی کے تمام علاقوں سے تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات ختم کرکے عوامی شکایات کا ازالہ ممکن بنا ئیں گے ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر ماجد رضا غوری نے میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن کے ہمراہ ضلع کورنگی کے شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی زونز کا تفصیلی دورہ کر کے شاہراہوں اور فٹ پاتھوں پرقائم تجاوزات اور اس حوالے سے عوام کو درپیش شکایات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز رفیق شیخ ،XENایم اینڈ ای عباس شاہ ،شاہ فیصل زون کے فوکل پرسن اسلم پرویز ،کورنگی زون کے فوکل پرسن مبین صدیقی اور لانڈھی زون کے فوکل پرسن طلعت محمود موجودتھے ۔ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی ماجد رضا غوری نے ضلع کورنگی کے تمام زونز میں تجاوزات کے حوالے سے بڑھتے ہوئے عوامی شکایات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تمام زونز کے فوکل پرسن کو ہدایت کی کہ تجاوزات کے خاتمے اور اس کی روک تھام کے حوالے سے ٹھوس حکمت عملی مرتب کی جائے انہوں نے کہاکہ تجاوزات کے حوالے سے عوامی شکایات کا بروقت ازالہ کیا جائے۔
اس حوالے سے کسی بھی قسم کی غفلت اور لاپراہی قطعی برداشت نہیں کی جائے گی سرکاری اراضی کو تجارتی استعمال میں لانے کی اجازت نہیں شاہراہوں سے غیر قانونی وہیکل اسٹینڈز کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے اس حوالے سے ٹرانسپورٹرز مالکان سے باہمی رابطے کے ذریعے اقدامات کرکے ضلع کورنگی کی اہم شاہراہوں سے گاڑیوں کے اسٹینڈز کا خاتمہ کیا جائے۔
اس موقع پر میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن نے محکمہ انسداد تجاوزات سیل کو ہدایت کی کہ تجاوزات کے خاتمے کے لئے علاقائی سطح پر نگرانی کا موثر نظام قائم کیا جائے اور تجاوزات کے خاتمے کے ساتھ اس کی روک تھام کو یقینی بنا یا جائے اور تجاوزات کے قیام اور اس کی روک تھام کے حوالے سے میونسپل قوانین کو متحرک کرکے مرتکب افراد کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔