کراچی (اسٹاف رپورٹر) سینیٹر عبد الحسیب خان نے کہا ہے کہ ادب سے تعلق رکھنے والی شخصیات ہمارا قومی اثاثہ ہیں ان کے اعزاز میں تقریبات منعقد کیا جانا خوش آئند ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ہیرو فائونڈیشن اور شہر قائد کلچرل فورم کے اشتراک سے صفورا خیری کے اعزاز میںشیخ راشد عالم کی رہائش گاہ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اتنی ساری ادبی شخصیات کو مدت کے بعد ایک ساتھ دیکھا ہے ۔ادبی شخصیات کو نظر انداز کیا جانا قومی المیہ ہے اور اس کی وجہ سے ہمارا معاشرہ زوال کی جانب بڑھ رہا ہے۔ نیشنل ہیرو فائونڈیشن نے صفورا خیری کے اعزاز میںشام منعقد کرکے انتہائی لائق تحسین کام کیا ہے جو ان کے ہم عصروں، دوست ،اہل خانہ،اہل دانش کیلئے کسی تازہ ہوا کے جھونکے سے کم نہیں۔
صدر تقریب انوار احمد زئی نے کہا کہ صفورا خیری ایک ہمہ جہت شخصیت اور عہد کا نام ہے اور حلقہ علم و دانش میں ان کی شخصیت کو ایک اہم مقام حاصل ہے یہ شام کبھی نہ فراموش کرنے والی شام ہے اور اتنی ادبی شخصیات کا جمع ہونا صفوراخیری کی مقبولیت کی دلیل ہے۔ نیشنل ہیرو فائونڈیشن کے سی ای او شیخ راشد عالم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صفوراخیری کی خدمات کے اعتراف میںنیشنل ہیرو فائونڈیشن کے بورڈ آف گورنرز نے متفقہ طور پر انہیںآئندہ ماہ ہونے والے ونڈر ویمن ایوارڈ 2014 ء دینے کا فیصلہ کیاہے۔
واضح رہے کہ نیشنل ہیرو فائونڈیشن ہر سال کسی بھی شعبہ زندگی میںقومی سطح پر اعلی مقام حاصل کرنے والی 20 سے 25 خواتین کو خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ سے نوازتا ہے جس میںسمندر پار پاکستانی بھی شامل ہیں۔ ایوارڈز کا چوتھا ایڈیشن رواںسال دسمبر کے آخری ہفتے میں منعقد ہوگا ۔ دریں اثناء تقریب سے جسٹس حاذق الخیری ،یاور مہدی، مشل حسن، انور شعور ، زاہد حنا و دیگر نے بھی خطاب کیا۔