کراچی (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کے رہنماوں کا کہنا ہے کہ لاڑکانہ میں تحریک انصاف کا جلسہ نہیں کارنر میٹنگ تھی، شرجیل میمن کہتے ہیں عمران خان نازیبا زبان کا استعمال بند کر دیں جواب دینا جانتے ہیں۔
نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ وہ لاڑکانہ کے عوام کو مبارکباد دیتے ہیں جنہوں نے عمران خان کی کارنر میٹنگ کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی پہلے پیری مریدی کا سلسلہ بند کریں پھر نئے پاکستان کی بات کریں۔
لاڑکانہ میں جلسہ تھا ہی نہیں بلکہ لاڑکانہ شہر سے باہر کیا گیا جن لوگوں نے جلسے کی میزبانی کی ان پر صحافی کے قتل کے دھبے ہیں۔ عمران خان نے سکول بند کروا کر اوطاق بنانے والوں کے گھر جلسہ کیا ۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ کارکنوں میں غم وغصہ ہونے کے باوجود ہر طرح سے جلسے کے لئے تعاون کیا گیا۔
عمران خان نے شیخ رشید کے روپ میں جوکر پالا ہوا ہے، اچھا ہوا شیخ رشید لاڑکانہ نہیں آئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان خود وڈیروں اور جاگیرداروں کو لے کر پھرتے ہیں لیکن بات سٹیٹس کو کے خاتمے کی کرتے ہیں۔