لاہور میں زیرحراست ملزم کی ہلاکت کے خلاف شہریوں نے تھانے کا گھیراؤ کر لیا

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) گرین ٹاؤن میں پولیس کے زیر حراست ملزم کی ہلاکت کے خلاف شہریوں نے تھانے کا گھیراؤ کر لیا۔

گزشتہ روز لاہور کی گرین ٹاؤن پولیس نے اللہ رکھا نامی ایک شخص کو منشیات فروشی کے الزام میں حراست میں لیا تھا تاہم گزشتہ رات ہی ملزم دوران تفتیش ہلاک ہو گیا، جس پر متوفی کے لواحقین نے الزام عائد کیا ہے کہ اللہ رکھا پولیس کے تشدد سے ہلاک ہوا ہے جبکہ پولیس کا اصرار تھا کہ ملزم کی ہلاکت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی ہے۔

واقعے کے خلاف متوفی کے لواحقین اور اہل علاقہ نے پولیس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے گرین ٹاؤن تھانے کا گھیراؤ کرلیا، اس موقع پر مشتعل مظاہرین نے تھانے پر پتھراؤ بھی کیا۔ جس پر پولیس نے شیلنگ کرکے مظاہرین کو منتشر کیا۔

متعلقہ تھانے کے ایس پی نے کہا ہے کہ واقعے کا مقدمہ 4 پولیس اہلکاروں کے خلاف درج کر لیا گیا ہے جبکہ اللہ رکھا کے لواحقین نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا مقدمہ تھانے کے ایس ایچ او کے خلاف درج کیا جائے اور پنجاب حکومت اللہ رکھا کے گھر والوں کی کفالت کی زمہ داری لے۔