ممبئی (جیوڈیسک) بھارتی کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی نے پہلی بار بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما کے ساتھ تعلقات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ان کا اور اداکارہ کا ذاتی معاملہ ہے جس کا لوگوں کو احترام کرنا چاہئے۔
ویرات کوہلی نے کہا کہ اب جب ان کے انوشکا شرما کے ساتھ تعلقات کی بات منظر عام پر آ گئی ہے تو لوگوں کو اس سے متعلق قیاس آرائیاں کرنے کے بجائے اس کا احترام کرنا چاہئے کیونکہ یہ ان کا ذاتی معاملہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے اور انوشکا کے خیال میں اگر کسی کو ایک ساتھ دیکھا جاتا ہے اور پھر بھی لوگ پوچھتے ہیں کہ کیا سچ ہے تو یہ معاملہ عام فہم کا ہے، اگر آپ جانتے ہیں تو پھر اس سوال کا کوئی جواز نہیں بنتا اور ہم جو کر رہے ہیں اس میں کوئی قباحت نہیں۔
واضح رہے کہ ویرات کوہلی اور انوشکا شرما کے درمیان تعلقات کی خبریں اکثر ذرائع ابلاغ کی زینت بنتی ہیں اور دونوں کو کئی بار ساتھ بھی دیکھا گیا جن کی تصاویر بھی شائع ہو چکی ہیں۔