بجلی کے مسئلے کا حل کالاباغ ڈیم کی تعمیر ہے، پرویز الٰہی

Pervaiz Elahi

Pervaiz Elahi

بہاولپور (جیوڈیسک) سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الہی نے بجلی کے مسئلے کا حل کالاباغ ڈیم کی تعمیر کو قرار دیا اور کہا کہ وہ یہ ڈیم بنانے کے لیے چھوٹے صوبوں کے آگے ہاتھ جوڑیں گے، ڈیم بننے سے سب سے زیادہ پانی سندھ کے بھائیوں کو ملے گا، ڈیم کا نام پسند نہیں تو اس کا نام پاکستان ڈیم رکھ لیا جائے۔ ڈیم بنے گا تو عوام کو بجلی تین روپے فی یونٹ ملے گی،بہاول پور میں مسلم لیگ ق نے اپنی قوت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

جلسے میں شرکاء اور کارکنوں کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ اپنے خطاب میں چودھری پرویز الٰہی نے بجلی کے مسئلے کا حل یہ بتایا کہ کالاباغ ڈیم تعمیر کیا جائے۔ انھوں نے ڈیم کی تعمیر کیلئے چھوٹے صوبوں کو اعتماد میں لینے کی بات بھی کی۔

چودھری پرویز الٰہی نے اپنے خطاب میں کالاباغ ڈیم کے فوائد بھی بتائے۔ چودھری پرویز الٰہی نے اپنے خطاب میں وزیراعظم نواز شریف سے زیادہ شہباز شریف کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ زراعت سے وابستہ آبادی کے مسائل حل نہیں کر سکتے اور ملک میں بجلی بھی نہیں لا سکتے۔

پرویز الٰہی نے پنجاب حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ خطاب میں اردو زبان کے ساتھ ساتھ پرویز الہی پنجابی زبان کا تڑکا بھی لگاتے رہے جبکہ ایک گیت نے بھی شرکاء کے جذبات کو گرمائے رکھا۔