ہاکی پلیئرز سے فضائی سفر کی سہولت واپس لے لی گئی

Pakistan Hockey Team

Pakistan Hockey Team

لاہور (جیوڈیسک) مالی مشکلات کی شکار پاکستانی ہاکی فیڈریشن نے کھلاڑیوں سے اندرون ملک ہوائی سفر کی سہولت بھی واپس لے لی، چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کیلیے ملک بھر سے کراچی جانے والے پلیئرز کو اب ٹرین کا کرایہ ملے گا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی پر نحوست کے سائے چھٹنے کی بجائے مزید گہرے ہوتے جا رہے ہیں، ہوش ربا مہنگائی نے پہلے ہی کھلاڑیوں کی کمر توڑ دی، اب انھیں معلوم ہوا ہے کہ کیمپس میں شرکت کیلیے ہوائی جہاز کے بجائے ٹرین کا ہی کرایہ ملے گا۔

ذرائع کے مطابق ہاکی کلب آف پاکستان میں جاری کیمپ کا حصہ بننے کیلیے بیشتر کھلاڑی ہوائی جہاز کے ذریعے کراچی پہنچے تاہم اب انھیں معلوم ہواکہ مالی بحران کی وجہ سے ٹرین کا دو طرفہ کرایہ 4 ہزار روپے ملے گا۔

اس پالیسی کی وجہ سے پیسے پیسے کو ترسنے والے قومی کھلاڑیوں کو مزید ہزاروں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔ مزید معلوم ہوا ہے کہ تمام پلیئرز کو کیمپ میں ٹریننگ کا یومیہ معاوضہ 800 اور کوچز کو 1000 روپے ملے گا۔