کراچی (اسٹاف رپورٹر) بن قاسم کے علاقے قائد آباد کے تاجر ساجد علی کے گھر پر گزشتہ روز نامعلوم افراد فائرنگ کرکے فرار ہو گئے، واقعہ سے اہل محلہ اور اہل خانہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پھل فروٹ کے کاروبار سے وابستہ تاجر ساجد علی کو گزشتہ کئی سال سے بھتے کی پرچیاں موصول ہورہی تھیں اور عدم ادائیگی پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی تھیں ماہ جنوری 2014ء کو نامعلوم ملزمان ساجد علی کے فروٹ کے گودام کو جلا کر لاکھوں روپے کا نقصان بھی پہنچایا تھا جس کے بعد تاجر ساجدعلی اپنی فیملی کے ہمراہ بیرون ملک منتقل ہوگئے تھے۔
لیکن اس کے باوجود نامعلوم ملزمان دھمکیاں دینے کا سلسلہ مسلسل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اسے حوالے سے انجمن تاجران قائد آباد کے صدر عبدالحمید قریشی نے تاجر ساجد علی کے گھر پر حملے کی پر زور مذمت کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ تاجر ساجد علی کے گھر پر حملے اور دھمکیاں دینے والے ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے اور تاجر برادری کو تحفظ فراہم کیا جائے۔