عدالتی مہلت کے خاتمہ تک چیف الیکشن کمشنر کا عدم تقرر شرمناک ہے، امیر پٹی

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) عدالت کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کیلئے دی گئی مہلت ختم ہو جانے کے باوجود حکومت کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری میں ناکامی افسوسناک، شرمناک اور توہین عدالت کے مترادف ہے۔

حالانکہ محب وطن روشن پاکستان نے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کیلئے الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی آل پرٹیز کانفرنس بلاکر متفقہ و مشترکہ رائے سے چیف الیکشن کمشنر کے انتخاب و تقرر کی تجویز پیش کی تھی مگر حکومت و اپوزیشن نے اس تجویز سے استفادہ حاصل کرنے کی بجائے اختیارواقتدار کو اپنے گھر کی لونڈی بنائے رکھنے کیلئے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کو محض دوجماعتوں کی مشاورت تک محدود کرکے غیر جمہوری رویئے و طرزعمل کا مظاہرہ کیا ہے۔

محب وطن روشن پاکستان کے چیئرمین و قائد امیر علی پٹی والا نے الیکشن کمشنر کی تقرری میں تاخیر پر تاسف و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پریس کانفرنس میں میڈیا نمائندگان کے سوالات کے جواب دیتے میں کہا کہ پائیدار جمہوریت کیلئے انتخابات کاشفاف ہونا ضروری ہے جبکہ انتخابات کی شفافیت چیف الیکشن کمشنر کی غیر جانبداری سے مشروط ہے اور تمام سیاسی قوتوں کو نظر انداز کرکے محض حکومت و اپوزیشن پر مبنی دو سیاسی جماعتوں کی ایماءپرچیف الیکشن کمشنر کا تقرر نہ صرف چیف الیکشن کمشنری کی غیر جانبداری کو مشکوک بنانے کے مترادف ہے۔

بلکہ باقی سیاسی جماعتوں کی رائے کے حصول سے انحراف کا آمرانہ رویہ اس بات کا ثبوت بھی ہے کہ جمہوریت کی نام نہاد و دعویداریہ دونوں سیاسی جماعتیں نہ تو جمہوریت پسند ہیں ،نہ عوا م پرست بلکہ اقتدار ہی ان کی منزل اور ان کا اوڑھنا بچھونا ہے اسی لئے یہ جماعتیں آج بھی اقتدار کیلئے عوام کو قربان کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں اور ان سے نجات حاصل کئے بغیر ملک و قوم نہ تو استحصال، ظلم اور جبر سے نجات پاسکتے ہیں، نہ ترقی کر سکتے ہیں اور نہ ہی ان کے مستقبل کو محفوظ قرار دےا جا سکتا ہے۔