وزیر آباد (تحصیل رپورٹر) انتظامیہ کی غفلت سے مختلف علاقے گندگی کے ڈھیروں میں تبدیل۔ انتظامیہ اور صفائی عملہ مخصوص علاقوں اور بااثر شخصیات کے گھروں تک محدود ہو کر رہ گیا۔ شہر اور گردونواح کے علاقوں سوہدرہ، دھونکل روڈ،محلہ جلالپورہ نظام آباد، محلہ سیٹھاں، الہ آباد، قدرت آباد، پوسٹ آفس روڈ اور دیگر علاقوں میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔ مچھروں، مکھیوں کیڑے مکوڑوں کی بہتات سے شہری پریشان ہیں اور علاقہ کی عوام میں ڈینگی وائرس اور مہلک بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے۔
شہریوں نے بتایا کہ مقامی انتظامیہ چند علاقوں اور برسراقتدار شخصیات اور ان کے چہیتوں کے کاموں تک محدود ہو کررہ گئی ہے۔ جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر ہیں صفائی اور سپرے نہ ہونے کے باعث مچھروں،مکھیوں ،کیڑے مکوڑوں نے علاقہ میں ڈیرے جما رکھے ہیں ۔مکینوں نے اعلی احکام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کو جلد از جلد حل کرتے ہوئے علاقہ میں مچھرمار سپرے کروایا جائے تاکہ ڈینگی جیسی مہلک بیماریوں سے بچا جا سکے۔