لاہور (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ دھرنا سیاست سے حکومت کو پریشانی نہیں ہے۔ 30 نومبر کے دھرنے کا انجام بھی چودہ اگست کے دھرنے والا ہو گا۔ بوکھلاہٹ ہم پر نہیں جن پر طاری ہے ان کے چہرے اس کا ثبوت ہیں۔
پرویز رشید کا کہنا تھا کہ 14 اگست کو وعدہ خلافی کرنے والوں کو دھرنے کیلئے مطمئین کرنا پڑے گا۔ انتظامیہ کو مطمئین کئے بغیر اجازت نہیں دی جا سکتی۔ عوامی کے جان ومال اور قومی املاک کے تحفظ کی ذمہ داری حکومت کی ہے جو پورا کریں گے۔ شاہراہ دستور پر کسی کو ہنگامہ آرائی نہیں کرنے دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت پر دھاندلی کا الزام لگانے والے خود ایک صوبے میں حکمران ہیں۔ عمران خان کی ساری زندگی جذباتی اور کھوکھلے فیصلے کرتے گزری۔ عمران خان غیر سنجیدہ اور سستی سیاست کر رہے ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات نے جہانگیر ترین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ابھی انتظار کریں، ہر فراڈ پورے ثبوتوں کے ساتھ سامنے لائیں گے۔ جہانگیر ترین کے الزامات کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ابھی تو صرف ایک گھپلا سامنے آیا ہے، جہانگیر ترین انتظار کریں کیونکہ بہت جلد اُن کا ہر فراڈ ثبوت کے ساتھ منظر عام پر آئے گا۔
واضع رہے کہ گزشتہ روز اتوار کو بھی پرویز رشید نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ عمران خان پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طیارے کو سیاسی مقصد کے لئے استعمال کر رہے ہیں، محض ایک لاکھ روپے انکم ٹیکس دینے والے عمران خان بتائیں کہ وہ اتنے مہنگے جہاز میں کیسے سفر کر لیتے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے عمران خان کے زیر استعمال جہاز کی فوٹیج دکھائی اور کہا کہ پبلک لمیٹڈ کے جہاز جے ڈی ڈبلیو میں جہانگیر ترین کے صرف انتیس اعشاریہ نو فیصد حصص ہے مگر یوں لگتا ہے کہ یہ جہاز تحریک انصاف کی ملکیت بن چکا ہے۔