جلسے میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، شاہ محمود قریشی

Shah Mahmood Qureshi

Shah Mahmood Qureshi

ملتان (جیوڈیسک) شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کامیاب جلسوں کے بعد حکومت بوکھلاہٹ اور گھبراہٹ کا شکار ہے 30 نومبر کو ہمارا احتجاج پرامن ہو گا ہم نے رکنا نہیں اور نا ہی کوئی روک سکتا ہے۔

اگر حکومت کی جانب سے روکنے کی کوشش کی گئی تو اس کا مقابلہ کریں گے۔ وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف سمجھتی ہے کہ 2013 کا انتخابات اور مینڈیٹ شفاف نہیں تھا اسی لیئے تحریک انصاف آزاد، خود مختار الیکشن کمیشن اور انتخابی اصلاحات کے لیئے جدو جہد کر رہی ہے۔

جو جماعتیں سمجھتی ہیں کہ 2013 کے انتخابات شفاف نہیں تھے وہ 30 نومبر کو تحریک انصاف کے جلسے میں شریک ہوں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ انتخابی دھاندلیوں پر جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے جو 45 روز میں اپنی فائنڈگ پیش کرے۔

اگر بڑے پیمانے پر دھاندلی ثابت ہو جائے تو وزیر اعطم آرٹیکل 48 کے تحت اسمبلیوں کو تحلیل کریں اگر دھاندلی ثابت نا ہوئی تو تحریک انصاف اگلے انتخابات کا انتظار کرے گی تاہم عمران خان 30 نومبر کو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔