کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے رہنما سینیٹر بابر غوری کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ کو خط لکھا گیا ہے جس میں صوبائی حکومت میں سرکاری ملازمتوں میں شہری آبادی کو نظر انداز کرنے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔
ایم کیو ایم کے رہنما سینیٹر بابر غوری کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ آپ کی حکومت میں گزشتہ کئی سال سے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیاں کی گئیں، وزیراعلیٰ نے وفاقی نوکریوں میں آبادی کے لحاظ سے صوبوں کے حق کی بات کی لیکن صوبائی حکومت میں ملازمتیں دیتے وقت شہری آبادی کو نظر انداز کیا گیا ہے۔
سینیٹر بابر غوری کی جانب سے لکھے گئے خط میں مزید کہا گیا ہے کہ صوبائی ملازمتوں میں شہری سندھ کو حصہ نہ دے کر آئین کی خلاف ورزی کی گئی، پولیس، زراعت، ایکسائز، قانون اور دیگر شعبوں کی ملازمتوں میں شہری سندھ کا حصہ نہیں کیا گیا، اچھا ہوتا کہ اگر آبادی کے لحاظ سے نمائندگی کے اصول پر سندھ میں بھی عمل ہوتا۔
خط میں بابر غوری کا کہنا تھا کہ صوبائی بیورو کریسی میں اقربا پروری اور کرپشن بری طرح پھیل چکی ہے اور بری گورننس سندھ حکومت کی پہچان بن چکی ہے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے فیصلوں سے خود کو پورے سندھ کا نہیں بلکہ صرف پیپلز پارٹی کا وزیراعلیٰ ثابت کیا ہے۔