لاہور (جیوڈیسک) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ تمام مسائل کا واحد حل مذاکرات ہیں۔ تحریک انصاف کا 30 نومبر کا احتجاج پرامن اور قانون کے دائرے میں ہونا چاہئے۔ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دینی چاہئے۔ یہ بات انہوں نے میاں میر کالونی میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے اس وقت ہمیں اجتماعی سوچ اور اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لمحہ فکریہ ہے کہ پانی جیسی بنیادی ضرورت جو انسانوں کا حق ہے وہ بھی عام شہری کو مہیا نہیں۔
یہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ سابقہ ادوار کی حکومتوں نے اس ضمن میں جوواٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے وہ سب کے سب نمبر 2اور ناکارہ تھے۔ کرپشن ہر سطح پر سرایت کر چکی ہے اور اس کا خاتمہ نہ صرف معاشرے کی بھلائی کیلئے ضروری ہے بلکہ یہ وقت کی بھی آواز ہے۔