جھول (جیوڈیسک) جھول میں میگھواڑ برادری کی جانب سے پولیس گردی کیخلاف قومی شاہراہ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میگھواڑ برادری کے لوگوں کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات ایس ایچ او غازی خان راجڑ کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری نے اشوک میگھواڑ کی گرفتاری کیلئے ہمارے گھروں پر چڑھائی کر کے خواتین اور بچوں کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس سے دو خواتین اور ایک بچہ بیہوش ہوگئے
جنہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کرنا پڑا جبکہ پولیس اشوک کے نہ ملنے پر اس کے والد پہلاج میگھواڑ کو شدید تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اپنے ہمراہ لے گئی، مظاہرین نے وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث اہلکاروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے، بعد ازاں پولیس نے اویس خاصخیلی اور مظاہرین سے کوئی قانونی کارروائی نہ کرنے کی یقین دہانی پر پہلاج میگھواڑ کو رہا کر دیا۔