عابد شیر علی کی کھلی کچہری، صارفین نے شکایات کے انبار لگا دیے

Abid Sher Ali

Abid Sher Ali

لاہور (جیوڈیسک) لیسکو آفیسرز کلب لاہور میں وزیر مملکت عابد شیر علی کھلی کچہری کے لئے پہنچے تو پرتپاک خیر مقدم کیا گیا لیکن پنڈال میں پہنچتے ہی واپڈا پیغام یونین کے کارکنوں نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی مجوزہ نجکاری کے خلاف نعرہ بازی شروع کر دی جس پر واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک یونین کے کارکن بھی میدان میں آگئے اور ہلڑ بازی شروع ہو گئی۔

کھلی کچہری کا باقاعدہ آغاز ہوا تو صارفین پھٹ پڑے۔ صارفین کے دکھڑے سننے کے بعد وزیر مملکت نے ایک ایکسئین، تین ایس ڈی اوز، ایک لائن سپرنٹنڈنٹ اور ایک میٹر ریڈر کی معطلی کے احکامات دیے جبکہ ایس ڈی او پتوکی پر رشوت کے الزام پر ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا۔

عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ صارفین کی شکایات کے ازالہ نہ ہونے پر کوئی جواز نہیں برداشت کیا جائے گا۔

وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے بتایا کہ میٹروں کے تیز چلنے کی شکایات پر تین کمپنیاں آڈٹ کر رہی ہیں۔ کابینہ کے آئندہ اجلاس میں رپورٹ پیش کر دی جائے گی۔