سیاست میں فیصلہ عوام کرتے ہیں اور اس فیصلے کو صبر و تحمل سے تسلیم کرنا پڑتا ہے: بابر حسین

Lahore

Lahore

لاہور : صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا بابر حسین نے کہا ہے کہ سیاست میں فیصلہ عوام کرتے ہیں اور اس فیصلے کو صبر و تحمل سے تسلیم کرنا پڑتا ہے جبکہ عمران خان کے بقول وہ فاسٹ بائولر ہیں اور بے صبرے ہیں’ اس بے صبری سے نہ صرف وہ اپنا نقصان کر رہے ہیں۔

بلکہ قوم کی تباہی کا سامان بھی کر رہے ہیں۔ عمران خان کے پاس دھاندلی کے ثبوت آ گئے ہیں تو وہ بے مقصد دھرنوں اور جلسے جلوسوں کو چھوڑ کرمتعلقہ فورم کا دروازہ کھٹکھٹائیں تاکہ اصل حقیقت قوم پر واضح ہو جائے’ عمران خان کے بیان سے صاف پتا چلتا ہے کہ وہ دھاندلی کے ایشو کو سنجیدگی سے لینے کی بجائے سیاست کیلئے استعمال کر رہے ہیں’ عمران خان کے مزاج میں تحمل اور برداشت کا فقدان ہے۔

عمران خان نے اس بات کا اعتراف اپنی اپنی کتاب میں کیا ہے کہ وہ فیصلے عقل و دانش یا منطق سے نہیں، جذباتیت کی بنیاد پر کرتے ہیں۔عمران خان نے ہمیشہ جھوٹ بولا ہے وہ کبھی سچ نہیں بولتے۔انہیں جھوٹ بولنے کی عادت ہے اس لئے عوام ان پر اعتبار کرنے کو تیار نہیں ہیں۔