خواتین پر تشدد کے خلاف متحدہ شعبہ خواتین کی تقریب

Muttahida Qaumi Movement

Muttahida Qaumi Movement

کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ شعبہ خواتین کے زیراہتمام خواتین پر تشدد کے خلاف منائے جانے والے عالمی دن کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں جسٹس (ر)ماجدہ رضوی نے بطور مہمان خصوصی اور رابطہ کمیٹی کے رکن حیدر عباس رضوی، خطیب و مذہبی اسکالر شہر بانو، انچارج شعبہ خواتین و رکن قومی اسمبلی کشور زہرہ، رکن سندھ اسمبلی ہیر سوہو، شعبہ خواتین کی منگلا شرما اور شازیہ وارث نے بھی خصوصی شرکت کی۔

حیدر عباس رضوی نے اپنے خطاب میں کہاکہ خواتین پر تشدد کے واقعات کی انگنت داستانیں رقم ہیں تاہم اسمبلیوں سے قانون منظور ہونے کے باوجود اس پر عمل نہیں کیا جاتا جس کے باعث خواتین کووہ تحفظ حاصل نہیں جوانہیں میسر ہونا چاہیے۔ جسٹس (ر )ماجدہ رضوی نے کہا کہ معاشرے میں خواتین کو اس بات کاعلم ہی نہیں کہ خواتین پر گھریلو تشدد پر کوئی قانون ہے یا نہیں؟ انہوں نے کہاکہ اس پر قانون ہے جو صوبائی اور قومی اسمبلی سے منظور ہوچکا ہے لیکن بدقسمتی سے سینیٹ سے آج تک منظور نہیں ہوسکا۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو جسمانی وذہنی طور پر زبردستی اس کے کسی حق سے محروم رکھا جائے تو یہ گھریلو تشدد کے قانون کا سہارا لے کر انصاف حاصل کرسکتی ہیں، حکومتوں کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ گھریلو تشدد کے قانون پر عملدر آمد کرائے۔ تقریب سے کشور زہرہ،ہیر سوہو اور منگلا شرما نے بھی خطاب کیا۔