چین (جیوڈیسک) شمال مشرقی ریاست لیوننگ میں واقع ایک کان میں آتشزدگی کے واقعے میں کم از کم 24 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ کہ اس واقعے میں 54 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں اس کان کا نظم و نسق حکومتی کمپنی لیوننگ فوکژن کول کارپوریشن کے زیر انتظام تھا۔
حکام کا کہنا کہ اس اندرونی آتشزدگی کی وجہ فوری طور پر معلوم نہ ہو سکی تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ اب ریسکیو آپریشن ختم ہو چکا ہے۔ اطلاعات کے مطابق چین کی کانوں میں اس طرح کے حادثات عام ہیں اور انھیں دنیا کی خطرناک ترین کانیں کہا جاتا ہے۔
کہا جاتا ہے کہ ہر سال اس قسم کے حادثات میں سینکڑوں افراد ہلاک ہو جاتے ہیں۔ صرف سنہ 2011 میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کان حادثوں میں 1973 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ بہرحال حالیہ برسوں میں چین کی کانوں میں حفاظتی انتظامات میں بہتری آئی ہے کیونکہ اب حکام حفاظتی قوانین و ضوابط کو سختی کے ساتھ نافذ کرنے لگے ہیں۔
چین میں تقریبا 25 ہزار کانیں ہیں جن میں نجی کانیں بھی شامل ہیں اور سنہ 2010 میں نافذ کیے جانے والے قوانین کے پیش نظر ان میں سے تقریبا 1250 کانوں کو بند کر دیا گيا تھا۔