کراچی (جیوڈیسک) دفاعی نمائش آئیڈیاز میں دنیا بھر سے بڑی تعداد میں غیرملکی کمپنیاں شرکت کریں گی، اس موقع پر 232 غیرملکی کمپنیاں اپنے اسٹال لگائیں گی اور اپنی دفاعی اشیا اور مصنوعات کی نمائش کریں گی۔
آئیڈیاز 2014 کراچی ایکسپو سینٹر میں یکم سے 4 دسمبر تک منعقد کی جائے گی، بڑی تعداد میں غیرملکی کمپنیوں کی طرف سے نمائش میں شرکت اور نمائش کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ 36 ملکوں سے 300 سے زیادہ کمپنیاں نمائش میں شامل ہونگی جبکہ 84 غیر ملکی مندوبین، وفود بھی آئیڈیاز 2014 میں آئیں گے۔
زیادہ تر کمپنیاں چین، ترکی، امریکا، متحدہ عرب امارات، سوئٹزرلینڈ، سربیا، تھائی لینڈ، جنوبی افریقہ، رومانیہ، برطانیہ، یوکرین، روس، سنگاپور، پرتگال، لیتھونیا، ملائیشیا، لبنان، کوریا، اٹلی، جرمنی ، فرانس، قبرص، اسپین اور بلجیم سے شرکت کریں گی۔
اس موقع پر 74 پاکستانی سرکاری اور غیرسرکاری کمپنیاں بھی شریک ہوں گی، مزید برآں نمائش کی تیاری کی حوالے سے ہر سطح پر کام کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں جبکہ تمام متعلقہ اداروں اور محکموں نے نمائش کو کامیاب بنانے کے لیے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے، اس کے علاوہ نمائش سے قبل شہر کی تزئین و آرائش اور صفائی ستھرائی کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔
سیکیورٹی کے انتظامات پاکستان آرمی، رینجرز، سندھ پولیس اور سیکیورٹی ایجنسیاں سنبھالیں گی، ٹریفک کے لیے شہریوں کے لیے متبادل انتظامات کیے گئے ہیں، ٹریفک پلان سے عوام کو جلد پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔