اسلام آباد (جیوڈیسک) انتخابی اصلاحات کمیٹی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے کئی اختیارات کم کرنے کی سفارشات کر دی ہیں، کمیٹی میں شامل حکومتی اراکین کا کہنا ہے کہ حلقہ بندیوں کے معاملے پر الیکشن کمیشن کے ازخود نوٹس لینے کا اختیار بہت وسیع ہے، یہ اختیار ختم کیا جائے یا ازخود نوٹس لیتے وقت وجوہات بتائی جائیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی نے الیکشن کمیشن کے کئی اختیارات کم کرنے کی سفارشات کی ہیں۔
کمیٹی میں موجود حکومتی ارکان کی جانب سے حلقہ بندیوں اور انتخابی فہرستوں کی تیاری سے متعلق الیکشن کمیشن کے اختیارات کم کرنے کی کوشش کی گئی اور موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حلقہ بندیوں کے معاملے پر الیکشن کمیشن کے ازخود نوٹس لینے کا اختیار بہت وسیع ہے۔
یہ اختیار ختم کیا جائے یا از خود نوٹس لیتے وقت وجوہات بتائی جائیں ۔ کمیٹی نے پارٹی ارکان کو سیاسی جماعت کے ریکارڈ تک رسائی نہ دینے اور پولیٹیکل پارٹیز آرڈر 2002 میں ترمیم کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔
الیکشن کمیشن کے اختیارات سے متعلق کئی اہم قوانین کو آمر کا قانون قرار دیا جانے لگا ہے۔ کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ سیاسی جماعتوں سے پارٹی منشور مانگا جائے، نہ ہی ارکان کی تعداد پوچھی جائے۔