بھارتی وزیراعظم کا سارک ممالک کے کاروباری افراد کو 5 سال تک کے ویزے جاری کرنے اعلان

Narendra Modi

Narendra Modi

کھٹمنڈو (جیوڈیسک) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا ہے کہ ہمیں ویزے کے نظام کو آسان بنانا ہوگا تاکہ سارک ممالک کے درمیان تجارت کا فروغ ہو اور اس سلسلے میں بھارت سارک ممالک کے کاروباری افراد کو 3 سے 5 سال تک کے خصوصی ویزے جاری کرے گا۔

نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں 18ویں سارک کارنفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران بھارتی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آج جب ہم 2008 میں ممبئی میں ہوئے حملوں کو یاد کرتے ہیں تو ہمیں انسانی جانوں کے ضیاع کا نا ختم ہونے والے درد کا احساس ہوتا ہے۔ ہمیں دہشت گردی اور بین الاقوامی جرائم کا مل کر مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے اس سلسلے میں ہمیں ایک دوسرے کی سلامتی اور زندگیوں کے بارے میں حساس ہونا ہوگا۔ ایسا کرکے ہی ہم اپنی دوستی کو مضبوط، تعاون کو بہتر اور اس خطے کو زیادہ مستحکم بناسکتے ہیں۔

نریندر مودی کا کہنا تھا کہ بھارت میں بنیادی ڈھانچے پر کام کرنا ان کی اولین ترجیح ہے لیکن وہ ناصرف بھارت بلکہ پورے خطے کا تابناک مستقبل دیکھ رہے ہیں، آج دنیا کے ہر خطے کے ممالک ایک دوسرے کے ساتھ جڑتے نظر آرہے ہیں۔

لیکن دنیا کے کسی بھی خطے کے مقابلے میں ہمیں اس کی زیادہ ضرورت ہے کیونکہ ہم سب کو ایک جیسے مسائل کا سامنا ہے، اس کے لئے ہمیں تجارت، سرمایہ کاری، امداد، تعاون اور لوگوں کے درمیان رابطوں کو بڑھانا چاہئے، ہمیں کاروبار کے براہ راست راستوں کا استعمال کرنا چاہئے، ہم ایک دوسرے کے دیہات اور شہروں تک رسائی کو آسان بنا کر ہی خطے کا مستقبل روشن کرسکتے ہیں۔

ہمیں ویزے کے نظام کو آسان بنانا ہوگا تاکہ سارک ممالک کے درمیان تجارت کا فروغ ہو۔ اس سلسلے میں بھارت سارک ممالک کے کاروباری افراد کو 3 سے 5 سال تک کے خصوصی ویزے جاری کرے گا۔