کراچی (جیوڈیسک) محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے بھر میں نجی سیکیورٹی کمپنیوں کے گارڈز کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی وردی سے مشابہ یونیفارم پہننے پر پابندی لگا دی ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق صوبے بھر میں کسی بھی نجی سکیورٹی کمپنی سے تعلق رکھنے والے گارڈز پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے کسی بھی ادارے سے مشابہہ وردی نہیں پہنیں گے۔
سیکیورٹی گارڈز کو اپنے پاس موجود اسلحے کے لائسنس کی اپنے ادارے کے اعلیٰ افسر سے تصدیق شدہ کاپی بھی رکھنا ہو گی، خلاف ورزی کرنے والے سیکیورٹی گارڈ کے خلاف علاقے کا ایس ایچ او کارروائی کرسکے گا۔
محکمہ داخلہ سندھ نے آئندہ 5 روز کے لئے کراچی میں دفعہ 144 بھی نافذ کر دی ہے، جس کے تحت 5 یا اس سے زائد افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر پابندی ہو گی۔