واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی محکمہ دفاع کے عہدیداروں کے مطابق امریکہ 2015ء میں افغانستان میں اس تعداد سے زیادہ فوج رکھ سکتا ہے جس کا اس سے قبل افغان فورسز کے ساتھ تعاون کیلئے منصوبہ بنایا گیا تھا۔
اپنے پہلے سے اعلان کردہ 9 ہزار 8 سو اہلکاروں کے علاوہ آئندہ چند ماہ میں مزید سینکڑوں اضافی نفری افغانستان بھجوائی جائیگی جس کا مقصد نیٹو فورسز کے اہلکاروں کی کمی کو بھی پورا کرنا ہے۔
محکمہ دفاع کے ذرائع نے بتایا اس حوالے سے امریکی کمانڈرز مزید تفصیلات پر کام کر رہے ہیں تاہم 2015ء کے سردیوں کے مہینوں میں 400 سے 700 نیٹو اہلکاروں کی کمی کو امریکی فوج کے ذریعے پورا کیا جا سکتا ہے۔
یہ صرف خلا کو پورا کرنے کا اقدام ہے۔ نیٹو فورسز کے اہلکاروں کی کمی دراصل کابل اور واشنگٹن کے درمیان سکیورٹی معاہدے میں تاخیر کی وجہ سے قرار دی جا رہی ہے۔