بارسلونا میں سالانہ ثقافتی میلے کا انعقاد

Barcelona

Barcelona

بارسلونا (جیوڈیسک) بارسلونا سینٹر کے علاقہ’’ رامبلہ دل روال‘‘ میں ثقافتی میلہ منعقد کیا گیاجس میں اس زون کی تمام تنظیموں نے حصہ لیا۔

آسے سوپ ایسوسی ایشن سمیت توت راوال فیڈریشن میں شامل تمام تنظیمیں یہ تہوار ہر سال مناتی ہیں جہاں تارکین وطن اپنے اپنے ملک کی ثقافت کو روشناس کروانے کے لیے مختلف اقسام کے اسٹال لگاتے ہیں پاکستانی خواتین کی فلاح و بہبود کی ایسوسی ایشن ’’آسے سوپ ‘‘نے بھی اپنا اسٹال لگایا۔

جسے پاکستان کے روائتی ملبوسات اورہا تھ سے بنی ہوئی اشیاء سے سجایاگیاتھاسٹال پر مہندی لگانے کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔ مقامی سپانش کمیونٹی نے اپنے ہاتھوں پر مہندی لگوانے میں خاصی دلچسپی لی۔

اس موقع پر مقامی سکول اور کا لج کے لڑکے لڑکیوں نے خوبصورت گیت سنا ئے اور سیکھی گئی مختلف صحت مند ور زشیں یوگا ،کنگ فو ،اور بھنگڑا وغیرہ پیش کیے، آسے سوپ کی صدر ڈاکٹر ہما جمشید نے بارسلونا کی لوکل پولیس ’’موسوس ‘‘کے افسران کو اپنے سٹال پر خوش آمدید کہا اور انہیں پاکستان کی ثقافت کے متعلق تفصیل سے بتایا۔

،پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے مقامی تہوار میں شمولیت کو مقامی کمیونٹی اور سرکاری اداروں کے نمائندگان نے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ملنسار اور دوسروں سے محبت کرنے والی قوم ہے ، پاکستانیوں میں انسانی ہمدردی بین المذاہب ہم آہنگی کے ساتھ ساتھ انسانی خدمت کا جذبہ موجود ہے وہ اپنے ملک پاکستان کے ساتھ ساتھ اسپین سے نہ صرف محبت کرتے ہیں بلکہ اس سے مخلص بھی ہیں۔

خوبصورت اسٹال سجانے میں آ سے سوپ کی صدر ڈاکٹر ہما جمشید ،نا ئب صدر ناصرہ ظفر ،جنرل سیکرٹری فریظہ حبیب ،آفس انچارج عذرا عاصم ،راحیلہ مختار، بشریٰ صمید ، مناہل ظفر ، عیشال ظفر ، فاخرہ فاروق ، طاہرہ جبین ِ کی کاوشیں شامل تھیں