وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) وزیرآباد کے سہراب گوٹھ قدرت آباد میں منشیات فروشوں کا پولیس کانسٹیبل پر حملہ فائر کر کے شدید زخمی کر دیا، زخمی پولیس اہلکار کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ صدر کا اہلکار محمد سعید ولد محمد رفیع بستی قدرت آباد میں رہائش پذیر اپنے پیٹی بھائی فریاد حسین کو پروانہ دینے کے لئے گیا تھا جس نے ایس پی گوجرانوالہ کے پاس پیش ہو نا تھا۔
جب محمد سعید بستی میں داخل ہوا تو منشیات فروشوں نے پولیس کا چھاپہ سمجھ کر اہلکار پرفائرنگ کر دی،ایک گولی محمد سعید کی ٹانگ میں لگی اور وہ زخمی ہو کرگر پڑا۔ منشیات فروشوں نے زخمی پولیس اہلکار کو بھی نہ بخشا اور تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے اسکی جیب سے روپے اور موبائل فون بھی نکال لئے اور غائب ہو گئے۔
فائرنگ کی اطلاع تھانہ صدر دی گئی اور موقعہ پر موجود افراد نے زخمی اہلکار کو وزیرآباد ہسپتال پہنچایا جہاں اسے طبی امداد دی گئی اور بعد ازاں گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیا۔واقعہ کے بعدپولیس کی بھاری نفری قدرت آباد پہنچ گئی اور ملزمان کی تلاش کیلئے چھاپے مارنے شروع کر دیئے۔
سی پی او گوجرانوالہ وقاص نذیر بھی پہنچ گئے اور اے ایس پی غلام مرتضیٰ کے ہمراہ جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ صدر پولیس نے ملزمان کے خلاف پولیس پر فائرنگ اور ڈکیتی کے مقدمات درج کر لئے ہیں۔