حکومت کو پی آئی اے کی نجکاری کسی صورت نہیں کرنے دیں گے، رضا ربانی

 Raza Rabban

Raza Rabban

کراچی (جیوڈیسک) پیپلزپارٹی کے سینیٹر رضا ربانی کا کہنا ہے کہ حکومت پی آئی اے ملازمین کی ڈاؤن سائزنگ کا منصوبہ بنارہی ہے تاہم کسی صورت حکومت کو ادارے کی نجکاری کرنے نہیں دیں گے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رضا ربانی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ سرکاری اداروں کی نجکاری کی مخالفت کی اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے جب کہ حال ہی میں حکومت نے او جی ڈی سی ایل کی نجکاری کی کوشش کی لیکن پیپلزپارٹی نے اسے مزدوروں کے ساتھ مل کر ناکام بنا دیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پی آئی اے کی نجکاری سے گریز کرے کیوں کہ یہ ملکی مفادات کے خلاف ہے اور نجکاری کا تلخ تجربہ کے الیکٹرک کی صورت میں پہلے ہی دیکھ چکے ہیں۔

سینیٹررضا ربانی نے اعلان کیا کہ 4 دسمبر کو نجکاری کے خلاف ایک کانفرنس کا انعقاد کر رہے ہیں جس میں تمام ٹریڈ یونین تنظیموں کو شرکت کی دعوت دیں گے۔

محنت کشوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ایوان کے اندر اور باہر ان کا ساتھ دیں گے اور او جی ڈی سی ایل کی طرح پی آئی اے کی نجکاری کے حکومتی منصوبے کا محنت کشوں کے ساتھ مل کر مقابلہ کریں گے۔