کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں قومی ہاکی ٹیم کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ ملک میں نئے انتظامی یونٹس کا قیام ناگزیر ہے۔ کام کرنے والوں کا الگ اور قومی دولت لوٹنے والوں کا الگ صوبہ بنا دیا جائے۔
الطاف حسین نے کہا کہ مدرسے کی بچیوں کا تعلق کہیں سے بھی ہو، وہ ہماری بیٹیاں ہیں اور ایم کیو ایم کی حفاظت میں ہیں۔ اتنا بڑا المیہ ہوگیا لیکن وزیراعلیٰ سندھ سمیت کوئی عہدیدار پوچھنے نہیں آیا۔ الطاف حسین نے کہا کہ باطل حکومتوں کے آگے سر جھکانا پسند نہیں چاہے سولی پر چڑھا دیا جائے۔ ہمیشہ سچ بولتے رہیں گے۔
کرپٹ حکمران ملک کیلئے کچھ نہیں کرسکتے۔ پاک فوج دہشتگردوں سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ ایم کیو ایم قائد نے کہا کہ قومی ہاکی ٹیم کیلئے خزانے سے فنڈ کیوں نہیں رکھے گئے۔ قومی کھیل کے ساتھ سوتیلوں جیسا سلوک بند کیا جائے۔ انہوں نے ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کیلئے فی کس بیس ہزار روپے انعام کا اعلان بھی کیا۔