سری نگر (جیوڈیسک) متنازعہ خطہ کشمیر میں ایک ہندوستانی فوجی بیس پر مبینہ شدت پسندوں کے حملے کے نتیجے میں 3 اہلکار زخمی ہوگئے۔ ہندوستانی فوج کے ایک سینیئر افسر کے مطابق عسکریت پسندوں اور انڈین فوج کے مابین فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
مذکورہ افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ جمعرات کو چار سے پانچ عسکریت پسندوں نے پاکستان کی سرحد سے تقریباً چار کلومیٹر کے فاصلے پر واقع قصبے آرنیہ میں واقع ایک فوجی بیس پر حملہ کیا۔
‘ مبینہ عسکریت پسند دو ٹیموں میں بٹ گئے، ایک ٹیم نے آرمی بنکر کے اندر کارروائی شروع کی جبکہ دوسری ٹیم نے گاؤں کے ایک گھر پر حملہ کیا’۔ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے، جب پاکستانی وزیراعظم نواز شریف اور ہندوستانی وزیراعظم نریندرا مودی نیپال کے شہر کھٹمنڈو میں منعقدہ 18 ویں سارک کانفرنس میں شریک ہیں۔ دونوں ملکوں کے سربراہ جمعرات کو ایک مرتبہ پھر ایک ہی کمرہ میں موجود ہوں گے لیکن ان کے درمیان دو طرفہ باضابطہ ملاقات کا کوئی امکان نہیں۔