میرپور خاص (جیوڈیسک) میرپور خاص ضلع میں کاشتکاروں نے چاول کی کاشت پر پابندی کو ہوا میں اڑا دیا ہے۔ چاول کی غیر قانونی کاشت میں مسلسل اضافے کے باوجود انتظامیہ صورتحال میں قطعی لاتعلق ہی نہیں بے بس بھی نظر آتی ہے۔
زمینی حالات اور نہری پانی کی قلت کے باعث ضلع بھر میں چاول کی کاشت پردفعہ ایک سو چوالیس کے تحت پابندی عائد ہے کیونکہ چاول کی فصل کو غیر معمولی اضافی پانی درکار ہوتا ہے۔
بہتر پیداوار اور اچھے نرخوں کے باعث کاشتکار کپاس کی فصل پر چاول کو ترجیح دے رہے ہیں ، یہی وجہ ہے کہ چاول کی کاشت میں اضافہ اور کپاس کے زیر کاشت رقبے میں مسلسل کمی ہورہی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صرف گزشتہ ایک سال کے دوران میرپور خاص ضلع میں چاول کی کاشت میں سولہ ہزار ایکڑ کا اضافہ جبکہ کپاس کے زیرکاشت رقبے میں بائیس ہزار ہیکٹر کی کمی ہوئی ہے۔