محنت کش نوجوان کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کیخلاف ورثاء کا احتجاجی مظاہرہ

Gujranwala

Gujranwala

گوجرانوالہ : محنت کش نوجوان کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کیخلاف ورثاء کا احتجاجی مظاہرہ ‘شدید نعرے بازی’ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق نواحی علاقہ ٹھٹھہ تلہاڑا کے رہائشی محنت کش خالد کے جواں سالہ بیٹا محمد عظیم علاقہ کے بااثر چوہدریوں شاہد ، مزمل جمشید وغیرہ کے پاس دستانے بنانیوالی فیکٹری میں محنت مزدوری کرتا تھا تقریباً دس ماہ قبل شاہد ، جمشید وغیرہ نے فائرنگ کرکے عظیم کوبے دردی سے قتل کردیا تھا اور گاؤں میں مشہور کردیا کہ محمد عظیم کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوگیا ہے اطلاع ملنے پر مقامی پولیس تھانہ صدر ڈسکہ نے موقع پر پہنچ کر نعش کا معائنہ کیا تو انکشاف ہوا کہ محمد عظیم کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا ہے۔

مقتول کے والد محمد خالد کی درخواست پر نامزد ملزمان مزمل حسین ، شاہد ، جمشید وغیرہ کیخلاف مقدمہ نمبری 8/14بجرم 302تھانہ صدر ڈسکہ میں درج کرلیا گیا لیکن دس ماہ گزرنے کے باوجود پولیس نے ملزمان کو گرفتار نہ کیا محنت کش محمد خالد دس ماہ سے انصاف کے حصول کیلئے ذلیل وخوار ہوگیا اور ملزمان کیخلاف کاروائی کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب ، آئی جی پنجاب ، ڈی آئی جی گوجرانوالہ ودیگر حکام کے دفاتر میں چکر کاٹ کر دربدر کی ٹھوکریں کھا نے پر مجبور ہے جبکہ ملزمان مدعی مقدمہ اور ساتھیوں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں مقتول محنت کش نوجوان کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کیخلاف گذشتہ روز اہل علاقہ نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور شدید نعرے بازی کی مظاہرین نے بتایا کہ ملزمان نے متعدد مرتبہ پنچایت کے روبرو اپنے جرم کا اعتراف کیا جبکہ پولیس تفتیش میں بھی ملزمان گناہ گار ثابت ہوچکے ہیں۔

کئی مرتبہ مختلف زرائع استعمال کر کے مقدمہ کی پیروی سے باز رہنے کیلئے مقتول کے ورثاء کا بھاری رقم کی پیشکش کرچکے ہیں اہل علاقہ نے مزید بتایا کہ تقریباً دو سال قبل بھی اسی فیکٹری میں نارووال کے رہائشی محنت کش نوجوان کی پراسرار ہلاکت ہوچکی ہے اور مذکورہ ملزمان نے مقتول کے ورثاء کو اپنے اثر و رسوخ سے دباؤ ڈال کر معاملہ کو رفع دفع کروا دیا۔

اب بھی ملزمان پولیس سے ساز باز کرکے خود کو بے گناہ قرار دلوانے کی کوششوں میں مصروف ہیں مقتول کا والد خالد معذور ہے اور عظیم اپنے گھر کا واحد کفیل تھا مدعی مقدمہ خالد ودیگر علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف ، آئی جی پنجاب ، ڈی آئی جی گوجرانوالہ ودیگر حکام سے فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔