گوجرانوالہ: سنی اتحاد کونسل کے ڈویژنل صدر الحاج سرفراز احمد تارڑ نے کوئٹہ میں پولیو ورکرز پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیو مہم میں روکاوٹ پیدا کرنا بدترین گناہ، سنگین جرم اور انسانیت دشمن عمل ہے۔پولیو ورکر پر حملے غیر شرعی اور اسلامی تعلمات کے منافی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پولیو کا مہلک مرض پاکستان کیلئے قومی چیلنج بن چکا ہے۔
بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کیلئے پولیو قطرے پلانا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز پر حملے کرنے والے ظالم درندے کسی رحم کے مستحق نہیں۔ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔
اسلام میں کسی بے گناہ کو قتل کرنے کی اجازت نہیں۔پولیو مہم میں انسانیت اور ملک وقوم کی خدمت کرنے والوں کو نشانہ بنانا ظالمانہ اور غلط اقدام ہے۔سنی اتحاد کونسل کے کارکنان گھر گھر جا کر پولیو مہم کو کامیابی سے ہم کنار کریں اور علمائے کرام اپنے خطبات میں عوام میں شعور بیدار کریں۔