کراچی (جیوڈیسک) عدالت نے بچیاں بازیابی کیس میں معلمہ حمیدہ ان کے بیٹے عمران اور قاری ایوب کی ضمانتیں منظور کر لی ہیں۔
سر سید پولیس نے بچیاں بازیابی کیس میں معلمہ حمیدہ ان کے بیٹے عمرا ن اور قاری ایوب کو سٹی کورٹ کے جج راج کمار ڈی لوہانو کی عدالت میں پیش کیا اور ملزمان سے تفتیش کے لئے ایک روز کے ریمانڈر کی درخواست کی جس پر جج کا کہنا تھا کہ ملزمان پر حبس بے جا کا مقدمہ ہے جو قابل ضمانت ہے۔
لہذا ریمانڈ کی ضرورت نہیں جب کہ ملزمان کے وکیل نے عدالت سے ضمانت کی درخواست کی جس پر عدالت نے معلمہ حمیدہ کی ضمانت 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض جب کہ عمران اور قاری ایوب کو ایک ایک لاکھ روپے جمع کرانے کے عوض ضمانتیں منظور کی۔ عدالت نے ملزمان کی ضمانتیں منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 10 دسمبر تک ملتوی کر دی ہے۔
واضح رہے کہ سر سید پولیس نے 3 روز قبل لیاقت آباد سے 2 مختلف مدارس سے 33 بچیوں کو بازیاب کرایا تھا اور مدرسے کی معلمہ پر الزام تھا کہ اس نے بچیوں کو 25 ہزار روپے فی کس کے حساب سے فروخت کیا ہے۔
پولیس نے ملزمان پر بچیوں کو حبس بے جا میں رکھنے کے الزام میں دفعہ 342 کا مقدمہ درج کیا تھا۔