وکلاء کی نادرا آفس کے عملہ سے مبینہ غنڈہ گردی کے خلاف عوام کی احتجاجی ریلی

ہارون آباد (تحصیل رپورٹر) ہارون آباد میں وکلاء کی نادرا آفس کے عملہ سے مبینہ غنڈہ گردی کے خلاف عوام کی احتجاجی ریلی، طلباء نے بھی شرکت کی ،وکلاء کے خلاف شدید نعرے بازی اور نادرا عملہ کے خلاف درج ایف آئی آر خارج کرنے کا مطالبہ۔

ہارون آباد میں گزشتہ 4دن سے نادر اور وکلاء کے درمیان تلخ کلامی کا سلسلہ مزید شدت اختیار کر تا جا رہا ہے وکلاء کی مبینہ غنڈہ گردی کے خلاف عوام نے احتجاجی ریلی نکالی ،ریلی نادرا آفس سے شروع ہوئی اور جامع مسجد روڈ ،مین بازار سے ہوتے ہوئے فوارہ چوک میں پہنچے شرکاء نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس پر وکلاء کی مبینہ غنڈہ گردی کے خلاف نعرے درج تھے۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ وکلاء نے نادرا عملہ کے ساتھ جو ناروا سلوک کیا ہے وہ قابل مذمت ہے نادر ا کے عملہ کے خلاف درج ا یف آئی آر کو بھی خارج کیا جائے طلباء کا کہنا تھا کہ ان کو نادرا آفس کی بند ش کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ فارم (ب) کے حصول کے لیے انہیں خوار ہونا پڑ رہاہے۔

دوسری جانب مبینہ اطلاعات یہ بھی ہیں کہ اگر نادرا عملہ کے خلاف درج ایف آئی آ ر خارج نہ کی گئی تو وہ اس احتجاج کو ڈویژن تک پہنچائیں گے جبکہ وکلاء کی جانب سے عدالتوں کا بائیکاٹ جاری ہے اور کوئی بھی وکیل عدالت میں پیش نہیں ہورہا جس کی وجہ سے پیشیوں پر آنے والے لوگ بھی کافی مشکلات کا شکار ہیں۔

وکلاء بھی اپنے اس احتجاج کو پنجاب بھر میں پھیلانے کے لیے کافی متحرک دکھائی دے رہے ہیں ۔وکلاء اور نادرا عملہ دونوں کے خلاف تھانہ سٹی میں مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں تاحال کوئی بھی گرفتاری نہ ہوئی ہے ۔پولیس مصروف تفتیش ہے۔

Protest

Protest