اسلام آباد (جیوڈیسک) اپوزیشن کے سیاسی جرگے نے سیاسی بحران کے حل کے لئے وزیر اعظم اور عمران خان کو خطوط ارسال کر دیئے۔ جرگے نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن کے قیام کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔
سیاسی جرگے کا اجلاس رحمان ملک کی رہائش گاہ پر ہوا۔ اجلاس کے بعد بات چیت کرتے ہوئے جرگے کے سربراہ سراج الحق نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے لچک کا مظاہرہ کیا گیا تھا کہ کمیشن کے قیام اور تحقیقاتی رپورٹ آنے تک وزیر اعظم اپنے عہدے پر کام کرتے رہیں اور دھرنا بھی جاری رہے گا۔
لیکن حکومت نے اس پر سنجیدگی نہ دکھائی ، اگر اب بھی حکومت سنجیدگی دکھائے تو حکومت اورپی ٹی آئی دوبارہ مذاکرات کی میز پر آسکتے ہیں۔ اس موقع پر رحمان ملک نے کہا کہ میری جہانگیر ترین سے ملاقات ہوئی ہے ،انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے وزیر اعظم کے استعفے کے مظالبے کو پیچھے کر دیا ہے ، انہوں نے کہا پی ٹی آئی اب بھی مذاکرات کے لئے راضی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمیشن کی معاونت کے لئے آئی ایس آئی کو شامل کرنے پر کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیئے ۔ جرگے نے حکومت پر زور دیا کہ حکومت تیس نومبر کے دھرنے میں بلا وجہ رکاوٹیں نہ ڈالے ۔ پر امن احتجاج ہر کسی کا حق ہے۔ جرگے کے سربراہ کا کہنا تھا کہ جرگہ اپنا کام جاری رکھے گا۔