اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان پولٹری کی پیداوار میں خود کفیل ہے اور پولٹری کی مصنوعات متحدہ عرب امارات کو برآمد کرنا چاہتا ہے لہٰذا عرب امارات پاکستان سے پولٹری کی برآمدات سے پابندی اٹھائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں تعینات متحدہ عرب امارات کے سفیر عیسیٰ عبداللہ الباشہ النعیمی سے ملاقات میں کیا، اس موقع پر دونوں ممالک کے مابین زیرالتوا تجارتی معاملات کو جلد حل کرنے پر اتفاق کیا گیا، مزید برآں دونوں ممالک کے کاروباری افراد کے لیے ویزے کے عمل کو سہل بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان پولٹری کی پیداوار میں خود کفیل ہے اور پولٹری کی مصنوعات متحدہ عرب امارات کو برآمد کرنا چاہتا ہے لہٰذا متحدہ امارات پاکستان سے پولٹری کی برآمد ات سے پابندی اٹھائے۔
وفاقی وزیر نے اماراتی سفیر کو آئندہ فروری میں کراچی میں منعقدہ ایکسپو پاکستان میں شرکت کی دعوت دی اور کہاکہ وہ زیادہ سے زیادہ اماراتی کمپنیوں کو نمائش میں شرکت کی ترغیب دیں۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان دبئی میں آئندہ سال عالیشان پاکستان نمائش منعقد کرے گا جس میں پاکستان کے مقامی برانڈز دبئی میں متعارف کرائے جائیں گے اور پاکستانی کلچر کی نمائش کے ذریعے برآمدات کو فروغ دیا جائے گا۔
عرب امارات کے سفیر نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان میں 23 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے اور عوامی فلاح کے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے، امارات صحت، پانی کی ترسیل، سول اور فنی کالجوں کے قیام، روڈ اور پلوں کی تعمیر کے متعدد فلاحی منصوبوں پر کام کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امارات برادر اسلامی ممالک ہیں اور امارات عوامی فلاح کے منصوبوں پر کام جاری رکھے گا۔