اسلام آباد (جیوڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے سکھر میں ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کل ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ آج قوم ایک بے باک اور بہادر رہنما سے محروم ہو گئی ہے، ڈاکٹر خالد محمود سومرو کا قتل واضح کرتا ہے کہ ملک بھر میں قاتل دندنا پھر رہے ہیں لیکن ریاست بالکل ہی بے بس ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ احتجاجج ہمارا آئینی اور جمہوری حق ہے۔
اگر لوگوں کو جشن منانے کا حق ہے تو ہمیں بھی احتجاج کا حق ہے اور ہمارا حق ان سے زیادہ ہے، کل ڈاکٹر خالد سومرو کے قتل کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا، پورے ملک کی شاہراہیں جام کر دیں گے، ان کا کہنا تھا کہ ہم قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لینا چاہتے، ریاست قاتلوں کو ہمارے حوالے کرے یا پھر قتل کی ذمہ داری قبول کرے۔