حویلیاں (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ دھرنے والے ہماری قوم کے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو جس قسم کی تعلیم دی جا رہی ہے وہ ایک غیرت مند پاکستان کسی صورت برداشت نہیں کرسکتا اور اس دوران جس قسم کی گندی اور بے ہودہ زبان استعمال کی جا رہی ہے تو والدین کو بھی سوچنا چاہیئے کہ وہ اپنے بچوں کو کس قسم کی تعلیم دلوا رہے ہیں جب کہ جتنے جھوٹ دھرنے میں بولے گئے اتنے زندگی میں نہیں سنے جب کہ اس دھرنے سے پاکستان ترقی نہیں کرے گا بلکہ ملک کا نقصان ہی ہوگا میں۔
وزیراعظم نواز شریف کا حویلیاں میں ہزارہ موٹر وے کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہزارہ موٹر وے 60 کلو میٹر طویل ہو گی جو 3 سال میں مکمل ہو گی اور اس پر 33 ارپ روپے لاگت آئے گی۔ ہزارہ موٹر وے حویلیاں کو اسلام آباد سے ملائے گی جس سے اسلام آباد سے حویلیاں کا سفر 30 منٹ کا ہو جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اتنے جھوٹ پوری زندگی میں نہیں سنے جتنے چند روز کے دھرنوں میں سنے، دھرنے والوں نے جھوٹ کی ساری حدیں پھلانگ لی ہیں، دھرنے والوں سے کہتا ہوں کہ آؤ دیکھو تمھارے صوبے میں نیا خیبر پختون خوا بن رہا ہے، معلوم نہیں خیبر پختون خوا حکومت اس صوبے میں ترقیاتی کام کرے گی یا نہیں لیکن مسلم لیگ (ن) یہاں بھی سڑکوں کے جال کے ساتھ موٹر وے بھی بنائے گی۔
وزیراعظم نے کہا دھرنے والے ہماری قوم کے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو نہ جانے کس قسم کی تعلیم دے رہے ہیں، انہیں دھرنوں میں جس قسم کی تعلیم دی جا رہی ہے وہ ایک غیرت مند پاکستان کسی صورت برداشت نہیں کرسکتا، دھرنوں میں جس قسم کی گندی اور بے ہودہ زبان استعمال کی جا رہی ہے تو والدین کو بھی سوچنا چاہیئے کہ وہ اپنے بچوں کو کس قسم کی تعلیم دلوا رہے ہیں۔ ان دھرنوں کی وجہ سے ملکی کی معیشت کو نقصان پہنچا اور روپے کی قدر میں کی واقع ہوئی لیکن اللہ کا شکر ہے کہ معیشت ایک بار پھر مستحکم ہونا شروع ہو گئی ہے اور ہم پاکستان کو ایک بار پھر ایشین ٹائیگر بنائیں گے۔ ہم پاکستان نے دہشت گردی کا بھی خاتمہ کر رہے ہیں اور ملک کو پر امن بنانے کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں۔
نواز شریف نے کہا کہ ملک کو بجلی کی کمی کا سامنا ہے جس کو ختم کرنے کے لئے ہمیں کچھ وقت درکار ہے اور بجلی کے بحران پر حکومت تنہا قابو نہیں پا سکتی اسی لئے ہم نے اپنے دیرینہ دوست چین کے ساتھ 40 ارب ڈالر کے معاہدے کئے، داسو اور بھاشا ڈیمز کی تعمیر سے ملک میں بجلی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور میں یقین دلاتا ہوں کہ اپنے دور حکومت میں ہی بجلی کے بحران پر قابو پالیں گے، اگلے ماہ کراچی سے لاہور تک موٹر وے کا افتتاح بھی کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت لواری ٹنل بھی مکمل کرے گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں نے انتخابات کے دوران وعدہ کیا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئے گی تو ہم یہاں موٹر وے بنائیں گے اور آج سب سے پہلے موٹر وے کا سنگ بنیاد رکھ رہے ہیں۔ ہزارہ موٹر وے حویلیاں کو برہان سے ملائے گی اور پھر یہی موٹر وے ایبٹ آباد ، مانسہرہ اور بٹ گرام کے بعد گلگت بلتستان جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہزارہ موٹر وے کے منصوبے سے صوبے میں پسماندگی اور بے روز گاری کا خاتمہ ہو گا اور حویلیاں میں بہت جلد یونی ورسٹی کا بھی سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ ہم حویلیاں میں ریلوے کی لائن بھی بچھائیں گے جو اس علاقے کو پشاور، راولپنڈی اور لاہور اور دیگر شہروں سے ملائے گی، ریلوے کا منصوبہ بھی ہم اپنے دور میں ہی مکمل کریں گے۔
وزیراعظم نواز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ اس سے روز مرہ کی اشیا کی قیمتوں میں بھی کمی آئے گی اور عوام خوشحال ہو گی۔