شارجہ ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا

Sharjah Test

Sharjah Test

شارجہ (جیوڈیسک) شارجہ ٹیسٹ کے تیسرے دن نیوزی لینڈ کی پاکستان کے خلاف 6 وکٹوں کے نقصان پر بیٹنگ جاری ہے اور کورے اینڈرسن اور ڈینئل ویٹوری کریز پر موجود ہیں۔

شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے اپنی پہلی اننگز میں پاکستانی بولروں کی ایک نہ چلنے دی اور وکٹ کے چاروں طرف شاندار اسٹروک کھیلے، نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 51 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب ٹام لیتھم 13 رنز بنا کر راحت علی کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیٹ آؤٹ ہوئے۔

ان کے بعد کین ولیم سن کریز پر آئے اور کپتان برینڈن میک کولم کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 297 رنز کی بڑی شراکت قائم کی، میک کولم نے ایک روزہ میچ کا انداز اختیار کرتے ہوئے گراؤنڈ کے چاروں جانب چھکے چوکوں کی بارش کردی اور وہ 21 چوکوں اور 11 چھکوں کی مدد سے 202 رنز کی ریکارڈ اننگز کھیل کر یاسر شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی روس ٹیلر تھے جو 50 رنز بنا کر یاسر شاہ کا شکار بنے، چوتھی وکٹ کین ولیم سن کی گری جو 192 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جبکہ ڈینئل ویٹوری 15 اورکورے اینڈرسن 50 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

اس سے قبل شارجہ ٹیسٹ کے دوسرے روز فلپ ہیوز کی یاد میں 2 منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور تمام کھلاڑی بازووں پر سیاہ پٹیاں باندھے گراؤنڈ میں داخل ہوئے، پاکستان نے 3 وکٹ کے نقصان پر 381 رنز سے اننگز کا آغاز کیا تو اوپننگ بلے باز محمد حفیظ 178 اور کپتان مصباح الحق 38 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے لیکن ابتدا میں ہی قومی ٹیم کو ایک خسارے کا سامنا کرنا پڑا اور مصباح اسکور میں بغیر کوئی اضافہ کئے ٹم ساؤتھی کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔

اوپننگ بلے باز محمد حفیظ ڈبل سنچری بنانے کے قریب تھے کہ 197 رنز بنا کر چوکا لگانے کی کوشش میں باؤنڈری لائن کے قریب کیچ دے بیٹھےجس کے بعد مجموعی اسکور میں 2 رنز کے اضافے کے بعد اسد شفیق 11 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

جب کہ سرفراز احمد 15، یاسر شاہ 25، محمد طلحہ اور راحت علی بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے مارک کریگ نے 7، ٹم ساؤتھی، ڈینیل ویٹوری اور ایش سوڈھی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔