تحریک انصاف آج اسلام آباد میں جلسہ کرے گی، پریڈ ایونیو پر پنڈال سج گیا

PTI

PTI

اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف آج ڈی چوک پر ایک مرتبہ پھر عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنے جارہی ہے، عمران خان حکومت کے خلاف اپنی تحریک کا نیا لائحہ عمل پیش کریں گے، جلسے میں شرکت کے لیے لوگوں کا جوش و خروش عروج پر ہے 30 نومبر کا دن آن پہنچا، عمران خان حکومت مخالف تحریک ميں اپنے منصوبے کا تیسرا حصہ پیش کریں گے، پہلا منصوبہ دھرنا، دوسرا منصوبہ جلسے اور اب دیکھنا ہوگا کہ تیسرا منصوبہ کونسا ہو گا اور عمران خان کہہ چکے ہیں کہ تیسرا منصوبہ آخری اور حتمی نہیں۔

وہ کہتے ہیں کہ آج پلان سی دوں گا، کامیاب نہیں ہوا تو پلان ڈی آئے گا۔ دوسری طرف ڈی چوک میں جلسے کی تیاریاں زورو شور سے جاری ہیں، ملک کے مختلف علاقوں سے تحریک انصاف کے قافلے ڈی چوک پہنچنا شروع ہوگئے ہیں، خواتین کا جوش و خروش حسب سابق عروج پر ہے، جلسے کے لیے سیکیورٹی تیاریاں بھی پوری ہیں، وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے ریڈ زون کا دورہ بھی کیا اور فول پروف انتظامات کے احکامات جاری کردیئے ہیں، جلسے کی حفاظت کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے بھی استعمال کیے جارہے ہیں

آئی جی اسلام آباد طاہر عالم خان نے بھی جلسہ گاہ اور اطراف کا جائزہ لیا، ان کا کہناتھا کہ جلسے میں آنے کی اجازت تو سب کوہوگی لیکن کسی کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیا جائے گا۔