کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ تعلیم قوم کا زیور ہوتی ہے، حیدر آباد کے عوام کئی برسوں سے اعلیٰ تعلیم سے محروم رہے، ایسا کسی مہذب معاشرے میں ہوتا، تو حکمران، اپنا حقِ حکومت کھو چکے ہوتے۔ کراچی میں لال قلعہ گراؤنڈ میں ایم کیو ایم کے کارکنوں اور رہنماؤں سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا کہ تعلیم قوم کا زیور ہوتی ہے، حیدرآباد کے عوام برسوں سے اعلیٰ تعلیم سے محروم کر دیے گئے تھے اب حیدرآباد کے نوجوان بلاخوف و خطراعلیٰ تعلیم حاصل کر سکیں گے۔ 5 سال وزیر تعلیم رہنے والے شخص نے کہا تھا کہ وہ حیدرآباد میں یونیورسٹی نہیں بننے دے گا۔
انہوں نے کہا کہ جب جب ملک میں فوجی حکومت آئی لوکل گورنمنٹ آئی جبکہ کسی جمہوری دور میں لوکل باڈی الیکشن نہیں ہوئے۔ وہ قومیں خوش نصیب ہوتی ہیں جنھیں بہادر جرنیل مل جائیں۔ سوائے پرویز مشرف کے کوئی ایسا جرنیل نہیں ملا۔ جنرل ایوب کے دور میں بھی بے پناہ ترقی ہوئی تاہم سب سے بہترین دور مشرف کا تھا لیکن انھیں سازش سے ہٹا دیا گیا۔
آئینی تبدیلی کی جائے کہ سویلین حکومت میں نگرانی کیلیے فوج کے ایماندار لوگوں کی شراکت ہو۔ الطاف حسین نے مزید کہا کہ مغربی طاقتیں کشمیر اور فلسطین کا مسئلہ حل نہیں کررہی ہیں، جہاں مفادات ہوں وہاں مغربی طاقتیں تنازعات حل کرتی ہیں۔