لاہور (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب و پارلیمانی لیڈر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اختر نے قومی اخبار میں چھپنے والی خبر جس میں یورپی پارلیمنٹ کی جانب سے توہین رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے قوانین کی تنسیخ کا مطالبہ کیا گیا ہے کے خلاف تحریک التوا پنجاب اسمبلی کے سیکرٹریٹ میں جمع کر ادی۔
ڈاکٹر سید وسیم اختر کی جانب سے جمع کروائی جانے والے تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں توہین رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے قوانین کسی مذہب یافرقے کے خلاف ہیں اور نہ ہی کسی اقلیتی گروہ کو ہدف بنانے کے لئے ہیں۔یہ قوانین تمام مذاہب اور تمام رسولوں کی عزت اور احترام کو یقینی بنانے کے لئے ہیں۔
یورپی پارلیمنٹ کی جانب سے ان قوانین کی تنسیخ کامطالبہ کرنا کسی طرح بھی قرین انصاف نہیں۔ یہ سراسر تعصب اور معاندانہ رویے پر مبنی ہے۔ دریں اثنا انہوں نے جمعیت علما اسلام کے سینئر رہنما ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔