پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں سڑکوں پر آنے سے کم ہوئیں :پی ٹی آئی

Ijaz Ahmed Chaudhry

Ijaz Ahmed Chaudhry

لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے سڑکوں پر آنے سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہوئی ہیں، نواز شریف نے قوم پر کوئی احسان نہیں کیا، عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتیں تاریخ کی کم ترین سطح تک گر گئی ہیں اور اس کے حساب سے پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 68 روپے فی لٹر ہونی چاہئیں، ابھی بھی حکومت زیادہ قیمت وصول کر رہی ہے بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے۔

دریں اثنا تحریک انصاف ضلع لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے شاہدرہ، ٹھوکر نیاز بیگ اور لاری اڈا سمیت شہر میں گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اوچھے ہتھکنڈے پی ٹی آئی کے کارکنوں کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ آج عمران کے ٹائیگرز بڑی تعداد میں اسلام آباد پہنچیں گے جبکہ پی ٹی آئی لاہور کا مرکزی جلوس آج صبح 8 بجے قذافی سٹیڈیم سے روانہ ہوگا۔